ایس پی ایس سی امتحان میں رکنِ کمیشن کے 3 بچے کامیاب

February 14, 2019

سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کمیشن کے سینئر رکن کے تینوں بچوں نے ہی کامیابی حاصل کرلی، تینوں کو 17 گریڈ کی ملازمتیں بھی مل گئیں۔

سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے نتائج کے مطابق ایس پی ایس سی کے سینئر رکن سائیں داد سولنگی کا بیٹا غلام نبی سولنگی اسسٹنٹ کمشنر، ایک بیٹی مہوش سولنگی پلاننگ افسر اور دوسری بیٹی عمامہ سولنگی اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی چین کی اسامیوں پر کامیاب ہوئے۔

ایس پی ایس سی کے ترجمان نے سائیں داد سولنگی کے تینوں بچوں کے کمیشن پاس کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کی کامیابی کا رزلٹ جاری کیا جاتا ہے۔

سندھ پبلک سروس کمیشن کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ ایس پی ایس سی کے سینئر رکن سائیں داد سولنگی کے تینوں بچوں نے میرٹ کے تقاضے پورے کیے ہیں۔