صحافی پر پولیس انسپکٹر ندیم چنڑ کے بیٹے شہزاد چنڑ کا حملہ،ملزم گرفتار

February 18, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر/پ ر) گلستان جوہر میں مقامی صحافی ثمر عباس پر حملہ ،پولیس نے کارروائی کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں رپورٹر ثمر عباس پر شہزاد نامی ملزم نے حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ ثمر عباس کو شدید زخمی حالت میں پہلے قریبی نجی اسپتال اور بعد ازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،ڈاکٹرز کے مطابق ثمر عباس کو سر اور آنکھ پر گہری چوٹ آئی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ملزم شہزاد کو گرفتار کرکے شارع فیصل تھانے منتقل کردیا۔آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کا نوٹس لیا اور ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں پریس ریلیز کے یو جے دستور نے گلستان جوہر میں انسپکٹر ندیم چنڑ کے بیٹے شہزاد چنڑ کی جانب سے صحافی ثمر عباس پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کے یو جے کے صدر طارق ابوالحسن، سیکرٹری حامدالر حمان اور مجلس عاملہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحافی پر تشدد کا واقعہ نا قابل برداشت ہے ، پولیس ملوث ملزم کیخلا ف کارروائی کرے بصورت دیگر صحافی احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔دریں اثنا کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکرٹری ارمان صابر، اور گورننگ باڈی کے تمام ارکان نے مقامی صحافی ثمر عباس پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد کرنے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور صحافیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔