بلاول کی باتیں پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں،صداقت عباسی

March 23, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے جو باتیں کی ہیں پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے، پاکستان کو اپنا گھر ٹھیک کرنا بھی ہے تو دشمن ملک کی ہیڈ لائنز نہ بنائی جائیں، ان کیمرہ بریفنگ میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور، وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی اور مفتی تقی عثمانی کے فرزند ڈاکٹر عمران عثمانی سے بھی گفتگو کی گئی۔چوہدری منظور نے کہا کہ نریندر مودی کو گجرات کا قصائی کہنے کی جرأت بلاول بھٹو نے ہی کی تھی، دنیا کا کوئی ملک ہمارا بیانیہ ماننے کیلئے تیار نہیں ہے، کالعدم تنظیموں پر دس دفعہ پابندی لگی اور گرفتاریاں کی گئیں لیکن پھر چھوڑ دیا جاتا ہے، بلاول نے ازراہ مذاق ایک بات کہی جسے ان کے پورے بیان میں سے اٹھا لیا گیا۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی بن چکی ہے آج سے ٹیسٹ بسیں چلنا شروع ہوگئی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آئی ٹی ایس نظام لگنے کے بعد باقاعدہ افتتاح کریں گے،عمران خان پنجاب میں میٹرو بس منصوبوں پر کرپشن کی وجہ سے تنقید کرتے تھے۔ڈاکٹر عمران عثمانی نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی صاحب کو اگر دھمکیاں موصول ہورہی تھیں تو میرے علم میں نہیں ہے۔صداقت عباسی نے کہا کہ ہر شخص کو اپنا بیانیہ رکھنے کا حق ہے لیکن موجودہ صورتحال کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، اس وقت پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے جبکہ ہندوستان جارحیت پر تلا ہوا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے جو باتیں کی ہیں پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے، پاکستان کو اپنا گھر ٹھیک کرنا بھی ہے تو دشمن ملک کی ہیڈ لائنز نہ بنائی جائیں، ان کیمرہ بریفنگ میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔