یوم پاکستان پر مودی کا عمران کو نیک خواہشات کا پیغام، وزیراعظم پاکستان کا خیرمقدم

March 23, 2019

کراچی(جنگ نیوز، نمائندہ جنگ)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کو میسج کر کے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جس کا وزیراعظم پاکستان نے خیرمقدم کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں یوم پاکستان کے حوالے سے میسج کیا ہے،عمران خان نے بتایا کہ نریندر مودی نے مجھے میسج کر کے یوم پاکستان پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے لکھا کہ مودی نے پیغام دیا کہ یہ وقت ہے برصغیر کے عوام جمہوری، پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال خطے کے لیے مل کر کام کریں۔عمران خان نے کہا کہ مودی نے پیغام میں کہا کہ ایک ایسا ماحول بنایا جائے جو دہشتگردی اور تشدد سے پاک ہو۔ صالح ظافر کے مطابق مودی کے پیغام کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے بھارت پر زور دیا ہےکہ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کےلئے جامع مذاکرات کا آغاز کیا جائے،عمران خان ن کہا کہ مودی کی جانب سے پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات پر مبنی پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں،جیسا کہ ہم یوم پاکستان منارہے ہیں لہٰذا میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ یہی وہ وقت ہے بھارت کیساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے جامع مذاکرات کا آغاز کیا جائے اور ہمارے عوام کیلئے امن و استحکام کی بنیاد پر نے تعلقات استوار کیے جائیں۔نمائندہ جنگ کے مطابق سفارتی ماہرین کاکہنا ہےکہ مودی (جو اپنی انتخابی مہم میں پاکستان مخالف کارڈ کا استعمال کررہے ہیں )نے عمران خان کو پیغام عالمی سطح پر نمایاں ہونے کیلئے بھیجا تاہم انہوں نےیہ پیغام اپنے ہی عوام سے چھپایا جس کی وجہ انتخابی مہم میں انکے پاکستان کے حوالے سے بیانات تھے۔ حکام کاکہنا ہےکہ یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن آنےوالے انسانی حقوق کے سماجی کارکن محمد احسن انٹو کو بھارت نے گرفتار کرلیا۔اسکے علاوہ میر واعظ اور دیگر حریت رہنمائوں کو بھارت 3سال سے پاکستان کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت سے روکتا آیا ہے۔