8 ماہ سے پانی کی عدم فراہمی، دہلی کالونی مکینوں کا احتجاج

April 17, 2019

دہلی کالونی کے مکینوں نے پانی کے مسائل 8 ماہ بعد بھی حل نہ ہونے پر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر کے باہر پرامن احتجاج کیا۔

علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرے کے دوران پلے کارڈ ز اٹھا رکھے تھے،جس پر علاقے کی 40 سالہ پرانی پانی کی لائن کی بحالی کا مطالبہ درج تھا۔

علاقہ مکینوں نے اس دوران پانی دو، پانی دو کے نعرے بھی لگائے اور کہا کہ ہم پانی خرید کر استعمال کر رہے ہیں،ہماری فریاد کو سنا جائے۔

میڈیا سے گفتگو میں مظاہرین کے نمائندے بابر جمال نے بتایا کہ علاقہ مکین 8 ماہ سے پانی کو ترس رہے ہیں،سی بی سی افسران کو کئی درخواستیں دیں، مگر مسئلہ حل نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی 40 سال پرانی پانی کی لائن منقطع کرنے کی وجہ سے پانی کا مسئلہ اور سنگین ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ دہلی کالونی کی پانی کی لائن 40برس پرانی ہے تاہم اسے 8 ماہ قبل کاٹا گیا جسے تاحال نہیں جوڑا گیا ہے۔

کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ اور واٹر بورڈ انتظامیہ نے علاقہ مکینوں کے نمائندے شیخ راشد، شیخ لطیف اور بابر جمال سے مذاکرات کئے، سی بی سی انتظامیہ نے انہیں پانی کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی جس پر اہل علاقہ پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔