مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنے والا گروہ سر غنہ سمیت گرفتار

April 24, 2019

پشاور(لیڈی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کو سر غنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمدعلی اصغر کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ باچا خان چوک میں ایک گروہ مردہ مرغیوں کے گوشت کو صاف کر کے پشاور کے مختلف ریسٹورنٹس کو سپلائی کر رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے فوری کاروائی کا حکم دیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر پشاور سارہ رحمان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے باچا خان چوک کے قریب پولٹری مارکیٹ میں اچانک چھاپہ مارتے ہوئے مردہ مرغیوں کو صاف کر کے ان کا گوشت سپلائی کر نے پر گروہ کے سر غنہ سمیت 3 افراد کو گرفتار کر تے ہوئے موقع سے 2000 سے زائد مردہ مرغیوں کو قبضہ میں لے لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پشاور نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے مطابق گروہ مختلف پولٹری فارمز سے مردہ مرغیا ں اکٹھی کر کے بعد میں ان کو صاف کر کے گوشت کو پشاور کے مختلف ریسٹورنٹس سمیت دیگر دکانوں کو سپلائی کر تا تھا ۔ انتظامیہ ان سے مزید تفتیش کر رہی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر لیاجائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کو اپنے علاقوں میں پولٹری کا کاروبار کر نے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی پولٹری کی دکان پر مردہ مرغی پائے جانے پر سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے۔