رضا باقر گورنر اسٹیٹ بینک مقرر

May 04, 2019

حکومت نے ڈاکٹر رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان مقرر کردیا ہے۔

وزارت خزانہ نے ڈاکٹر رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ڈاکٹر رضا باقر کو 3 سال کےلئے گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے۔

ان کی مدت ملازمت کا آغاز عہدہ سنبھالنے کے دن سے ہوگا۔

وزارت خزانہ نے گورنر اسٹیٹ بینک کےلئے کئی شخصیات سے رابطہ کیا تھا تاہم ڈاکٹر رضا باقر کا نام فائنل کیا۔

ڈاکٹر رضا باقر اس وقت مصر میں آئی ایم ایف کے سربراہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئے چیئرمین فیڈرل بیورو آف ریونیو (آف بی آر) کی تعیناتی کے لئے ڈاکٹر احمد مجتبیٰ کا نام فائنل کرلیا گیا۔

اس سے قبل چیئرمین ایف بی آر کےلئے ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور جاوید غنی کے نام زیر غور تھے۔

ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈویژن تھے،ان کے چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد متوقع ہے۔

گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کے سربراہ طارق باجوہ سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا،جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی ہے۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ سے وزیراعظم عمران خان نے استعفیٰ طلب کیا تھا۔

طارق باجوہ نے گورنر اسٹیٹ بینک کے عہدے سے اپنا استعفیٰ وزارت خزانہ کے توسط سے وزیراعظم سیکریٹریٹ کو بھجوایا تھا۔

طارق باجوہ کو سابق صدر ممنون حسین نے 7 جولائی 2017ءکو 3 سال کے لیے اسٹیٹ بینک کا صدر بنایا تھا، ان کی مدت ملازمت جولائی 2020 میں ختم ہونا تھی۔