قائداعظم محمد علی جناح کی وفات کی وجہ کینسر یا ٹی بی؟

May 05, 2019

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان سے نئی بحث چھیڑ دی،قائد اعظم محمد علی جناح وفات سے قبل کینسر کے مرض میں مبتلا رہے یا ٹی بی؟

وزیر اعظم نے گزشتہ روز ایچی سن کالج لاہور میں تقریر کے دوران بیان دیا تو اس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑدی ہے۔

عمران خان نے خطاب میں کہا تھا کہ ’قائداعظم کینسر کے مرض میں مبتلا رہے لیکن انہوں نے کسی کو پتا نہیں چلنے دیا تاکہ کہیں دشمن قیام پاکستان کے راہ میں نہ حائل ہوجائیں‘۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کسی نے وزیراعظم عمران خان کے تاریخ اور حافظے پر تنقید کے وار کئے تو کسی نے اسے ایک بار پھر ان کا سلپ آف ٹنگ قرار دیدیا۔

ایک خاتون نے کہا کہ کوئی وزیراعظم عمران خان کو یاد دلائے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی وفات کینسر نہیں ٹی بی سے ہوئی،دشمنوں کو تو یاد ہے،غالباً عمران خان خود بھول گئے ۔

دوسری جانب ایک صاحب نے انٹرنیٹ پر موجود تاریخ کے مواد کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قائداعظم کو پھیپھڑوں کا کینسر تھا، مذاق اڑانے سے پہلے تحقیق کرلینی چاہئے۔