عدالت نے قتل کے ملزمان کے جیل ٹرائل کی منظوری کیلئے درخواست ہائیکورٹ بھجوا دی

May 22, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو راولپنڈی کے جج سلیمان بیگ نے قتل کیس کے ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کی حتمی منظوری کیلئے درخواست ہائی کورٹ بھجوا دی، سول لائن پولیس نے کچہری میں پیش آنے والے قتل کیس کے ملزمان نعمان وغیرہ کے مقدمہ میں فریقین کے درمیان پائی جانے والی دشمنی کی وجہ سے عدالت کو درخواست دی تھی کہ فریقین میں لڑائی کے دوران پانچ افراد مارے جا چکے ہیں دونوں اطراف کے ملزمان انتہائی خطرناک ہیں ہر پیشی پر حادثہ کا خطرہ رہتا ہے لہذا ان کے مقدمات کے ٹرائل جیل کے اندر ہی کئے جائیں عدالت نے درخواست منظور کر کے حتمی منظوری کیلئے ہائی کورٹ بھجوا کر سماعت گیارہ جون تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے تھانہ کلرکہار کے علاقہ میں بارود فیکٹری کے ملزمان ایوب وغیرہ کیخلاف تین گواہ قلمبند کر کے 23مئی کو مزید شہادتیں پیش کرنے کا حکم دیا۔