سندھ اسمبلی:پولیس آرڈر 2002 کی بحالی کا ترمیمی بل منظور

June 14, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی ،سندھ پولیس ایکٹ 1861 کے خاتمے اور پولیس آرڈر 2002 کی بحالی کا ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف نے احتجاجاً ایوان سے واک آوٹ کیا تاہم اپوزیشن کے دو چھوٹے پارلیمانی گروپوں تحریک لبیک اور ایم ایم اے کے ارکان نے رائے شماری میں حصہ لیا۔ترمیمی پولیس بل میں جی ڈی اے اراکین کی کچھ ترامیم شامل کرلی گئیں اور کچھ کووزیر اعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد واپس لے لیا گیا۔وزیراعلی سندھ نے جی ڈی اے ، ٹی ایل پی اور ایم ایم اے کے ارکان کے پارلیمانی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور نے کہا کہ حکومت سندھ پولیس کی خودمختاری میں دخل نہیں دیناچاہتی مگر اس کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ،پولیس کی آزادی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا ،آزاد ذمہ دار اور قابل احتساب پولیس بہت ضروری ہے،پبلک سیفٹی کمیشن کوبااختیاربنایاگیاہے جس میں ایسے لوگ شامل ہوں گے جن پر کسی کو کوئی اعتراض نہ ہو،سندھ حکومت اعلیٰ عدلیہ کے احکامات وفیصلوں پر ان کی اصل روح کے مطابق عمل کرے گی ۔