کاروباری طبقے کی سہولت کیلئے ضابطوں کو جدیدبنائینگے‘وزیراعظم

June 25, 2019

اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے ریگولیٹری فریم ورک اور رجسٹریشن کے عمل کو سہل بنانے کےلئے پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹیو (پی آر ایم آئی) کو موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری طبقے کی سہولت کیلئے ضابطوں کو جدیدبنائیں گے‘ متعدد اجازت ناموں کی شرط اور مختلف ریگولیٹری مراحل کی وجہ سے جہاں ایک طرف کرپشن کی راہیں ہموار ہوتی ہیں وہاں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ”پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹیو“ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب کی جانب سے پی آر ایم آئی کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کوبتایاگیاکہ اس اقدام کا مقصد کاروبار کے سلسلہ میں ضروری مراحل جیسے کہ رجسٹریشن، پرمٹ، اجازت نامے وغیرہ کو آسان بنانا ہے تاکہ جہاں مختلف اور غیر ضروری عوامل اور اجازت ناموں کو ختم کیا جا سکے وہاں کاروبار کی رجسٹریشن کو سہل بنا دیا جائے تاکہ کاروباری برادری بغیر کسی دقت کاروباری سرگرمیاں سرانجام دے سکے۔