منیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی کا لاہور میں رہائش کا فیصلہ

July 13, 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے مستقل طور پر لاہور میں رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئی سی سی میٹنگ کے بعد وہ بیوی بچے کے ہمراہ لاہور آئیں گے۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے وسیم خان کا تعلق برمنگھم سے ہے اور ان کا خاندان آزاد کشمیر کے شہر بھمبر میں آباد ہے، وسیم خان کی تقرری کے ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کرکٹ کے مختلف سربراہوں کے ساتھ راج کرنے والے سبحان احمد کو عملاً سائیڈ لائن کردیا گیا ہے۔

سبحان احمد چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے ذمے داریاں نبھائیں گے لیکن کرکٹ کے معاملات سے انہیں دور کردیا گیا ہے، اس سے قبل انہوں نے بورڈ کے کئی سربراہوں کے ساتھ تین دہائیوں تک پی سی بی کے معاملات چلائے۔

سبحان احمد کے لئے اچانک سائیڈ لائن ہونا دھچکے سے کم نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دنوں وسیم خان اور ان کے اہل خانہ پاکستان جانے کے لئے سامان کی پیکنگ کررہے ہیں۔

لیسٹر شائر کاؤنٹی کے سابق سی ای او وسیم خان کو بورڈ کے چیئرمین احسان مانی پاکستان لائے ہیں اور کرکٹ کے بہت سارے معاملات ان کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان لاہور کے علاقے گلبرگ میں اسی جگہ اپنی رہائش رکھیں گے جہاں چیئرمین احسان مانی رہتے ہیں، ان دنوں وسیم خان آئی سی سی کے مہمان کی حیثیت سے برطانیہ میں ہیں اور ورلڈ کپ فائنل بھی دیکھیں گے۔

وسیم خان سائیڈ لائنز پر ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے سربراہوں سے میٹنگ کریں گے، جبکہ کرکٹ سری لنکا حکام سے ان کی ملاقات اہم ہوگی۔