حاصل بزنجو کا 60 سینیٹرز کی حمایت کا دعویٰ

July 19, 2019

چیئرمین سینیٹ کے لئے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار حاصل بزنجو نے 60 سے زائد سینیٹرز کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں حاصل بزنجو نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے لئے اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کردیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی اکثریت ثابت کرچکی، ہم تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

حاصل بزنجو نے مزید کہا کہ 60 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے، سینیٹ اجلاس بلانے میں تاخیری حربے استعمال نہ کئے جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کچھ بھی کرلے، اپوزیشن نہ جھکے گی اور نہ ہی پیچھے ہٹے گی، اب اگر کوئی اور حربہ استعمال ہوا تو یہ غلط ہوگا۔

اپوزیشن کے متفقہ امیدوار نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہو سکتا ہے اور بھی گرفتاریاں ہوں،لیکن ہم متحد ہیں، ہمارے پاس اکثریت ہے۔

ن لیگ کے رہنما سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بتادیا کہ وہ عدم اعتماد والے اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتے۔

پی پی سینیٹر شیری رحمٰن اور جے یو آئی ف کے عبدالغفوری حیدری نے کہا کہ اپوزیشن نے اکثریت ثابت کردی، حکومت کے تاخیری حربے کسی کام نہیں آئیں گے۔