قبائلی اضلاع، کئی آزادارکان میری جیب میں ہیں،ناراض ورکرزنےپارٹی کونقصان پہنچایا،وزیراعلیٰ کے پی

July 23, 2019

پشاور(نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی اضلاع انتخابات میں منتخب ہونیوالے ؒ ’’ آزاد ارکان ‘‘ کو تحریک انصاف اور حکومت میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آزاد ارکان کیساتھ رابطے میں ہیں بلکہ بعض آزاد ارکان تو ان کی جیب میں ہیں، نو منتخب قبائلی ارکان کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی دی جائے گی جبکہ تحریک انصاف کے جن ناراض ورکروں نے پارٹی امیدواروں کیخلاف آزاد الیکشن لڑ کر پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، دوسری سیاسی جماعتوں سے زیادہ سے تحریک انصاف کو نشستیں اور ووٹ ملے، قبائلی اضلاع کا انضمام مکمل ہوگیا، اب ترقی کا عملی آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں ہونیوالے صوبائی اسمبلی کے انتخابات سےتاریخ رقم ہوگئی ہے،انتخابات میں تحریک انصاف نے دوسری سیاسی جماعتوں سے زیادہ ووٹ اور نشستیں لی ہیں تاہم ناراض ورکرز کی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنا پارٹی کو نقصان کا سبب بنا اسلئےان کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی، محمود خان نے کہا کہ ضم قبائلی علاقوں کیلئے 20 جولائی ایک تاریخ ساز دن تھا قبائلی عوام کو اب خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی نمائندگی مل گئی ہے تمام جیتنے امیداروں کو مبارک دیتے ہیں ہم نے قبائلی عوام سے جو وعدے کئے تھے جن ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا تھا ان پر عمل کیا جائے گا ، ا قبائلی عوام نے انتخابات میں حصہ لیکر ان لوگوں کو جواب دیدیا جو قبائل انضمام کیخلاف تھے بلکہ کامیاب انتخابات کا انعقاد ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو کہتے تھے کہ انضمام کامیاب نہیں ہوگا، انتخابات کے بعد خیبرپختونخوا میں قبائلی علاقوں کا انضمام مکمل ہوگیا ہے اب قبائلی عوام کے منتخب نمائندے صوبائی اسمبلی میں اپنے عوام کی نمائندگی کریں گے ، انتخابات میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا جو خوش آئند بات ہے، وزیراعلی نے کہاکہ کامیاب ہونیو الے آزاد ارکان کو انہوں نے مبارک باد بھیجی ہے اور وہ آزاد ارکان کو دعوت بھی دیتے ہیں کہ وہ تحریک انصاف میں شمولیت کریں اگر کوئی آنا چاہتا ہے تو ہم انھیں خوش آمدید کہیں گے ،کچھ آزاد ارکان میری جیب میں بھی ہیں، وزیراعلی نے کہاکہ انتخابات میں دوسری سیاسی جماعتوں سے زیادہ سے تحریک انصاف کو نشستیں اور ووٹ ملے اور لیکن نشستیں توقع سے زیادہ کم ملنے کی وجہ ہمارے ناراض ارکان کی آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینا تھا ان کی وجہ سے ہمارے امیدواروں نقصان ہوا پارٹی اس حوالے سے جائزہ لے رہی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ان میں سے کچھ کا تعلق پی ٹی آئی سے بھی ہے کامیاب ہونیوالے ارکان کو کابینہ میں نمائندگی دی جائے گی کیونکہ قانونی طور پر مزید وزراء کی گنجائش موجود ہے ،انہوں نے کہا کہ میڈیا پر کوئی قدغن نہیں حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ، وزیراعلی نے ڈی آئی خان دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پر افسوس ہے، پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے لیکن اس حوالے سے ابھی کچھ تفصیلات نہیں بتاسکتے۔