پہاڑوں کی شہزادی

August 02, 2019

دنیا کی کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما سلینہ کا ایک اور کارنامہ

پاکستان کی دس سالہ کوہ پیما سلینہ نے مشکل ترین چوٹی سر کر کے کم سن کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق دس سالہ ننھی پاکستانی کوہ پیما سلینہ خواجہ نے مشکل ترین 7 ہزار 27 میٹر بلند چوٹی ”اسپنٹک ” سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ قراقرم کلب نامی ٹویٹر ہینڈل نے ننھی کوہ پیما کے عالمی ریکارڈ کی تعریف کی۔

ان کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ مہم جوئی کے لیے سلینہ گذشتہ ماہ اپنے والد یوسف خواجہ اور دیگر کوہ پیماؤں کے ساتھ روانہ ہوئی تھی۔ مشکل موسمی حالات کے باوجود کم عمر کوہ پیما نے ہمت اور بہادری سے فتح کا جھنڈا لہرایا۔ گذشتہ سال بھی 9 سال کی عمر میں دنیا کی تیسری 6 ہزار 50 میٹر بلند ترین چوٹی ”منگلی” کو سر کر کےعالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔سلینہ 5 ہزار 765 میٹر بلند کوزہ سر چوٹی بھی سر کر کے عالمی ریکارڈ بنا چکی ہیں۔ ان کا خواب دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا ہے، جس کی بلندی 8 ہزار 8 سو 48 میٹر ہے۔

اب ان کی کوہ پیمائی کا اگلا قدم براڈ پیک کو بھی تسخیر کرنا ہے۔ براڈ پیک 8 ہزار 47 میٹر بلند چوٹی ہے۔ننھی کوہ پیما سلینہ نے اپنے ہم عمر بچوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اپنے لیے بڑے ہدف کا انتخاب کریں۔ آپ سخت محنت کریں اور اپنا ہدف حاصل کریں۔ان کے والد کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی بیٹی کے شوق کو دیکھتے ہوئے خود ہی اس کو تربیت دی اور گھر میں قائم کیے جانے والے فٹنس کلب میں ہی اپنی بیٹی کو خطروں سے نمٹنے اور ایسی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے اسے خود تیار کیا ہے۔