حب ڈیم میں پانی کا لیول 318 فٹ تک پہنچ گیا

August 13, 2019

ملک بھر کی طرح سندھ بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں بھی شدید بارشوں سے کراچی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید 15 فٹ کا اضافہ ہوا ہے، ڈیم میں سطح آب 318 فٹ سے تجاوز کرگئی ہے اور پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ قبل کی بارشوں سے بھی حب ڈیم میں 20 فٹ سے زائد پانی آیا تھا، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللّٰہ خان کے مطابق ایک ہفتہ قبل حب ڈیم میں سطح آب 303 فٹ پر تھی، حالیہ تیز بارشوں سے پانی کے مزید ریلے حب ڈیم پہنچ رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حب ڈیم میں 15 فٹ سے زائد سطح کا پانی آیا۔

واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں تیز بارشوں سے ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے، لگ بھگ 45 کلومیٹر تک پھیلے حب ڈیم میں 339 فٹ تک پانی جمع کیا جاسکتا ہے اور موجودہ لیول کے مطابق ڈیم میں مزید 31 فٹ پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللّٰہ خان کے مطابق حب ڈیم میں پانی کا موجودہ ذخیرہ سال 2021 کی پہلی سہہ ماہی تک کے لیے کافی ہے۔