مصباح الحق کو ہیڈکوچ بنانا مفادات کا ٹکرائو ہوگا،اظہر محمود

August 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے مکی آرتھر سمیت کوچنگ اسٹاف کو فارغ کرنے کو غلط فیصلہ قرار دیاہے۔ ان کا کہناہے اگر مصباح الحق کو نیا کوچ بنایا گیا تو مفادات کا ٹکراؤ ہوگا۔ نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ مصباح الحق نے لیول ٹو کورس کیا ہے، اگر کوچ بنتے ہیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن یہ کیا مفادات کا ٹکراؤ نہیں ہوگا کہ جس کمیٹی میں وہ شامل تھے، اس نے ہمیں گھر بھیج دیا اور اب وہ آکر ہیڈ کوچ بن جاتے ہیں۔ پی سی بی نے سارے کھلاڑیوں کو بلا کر لیول ٹو کورس کروایا تو اس سے یہ نہیں ہوگا کہ ان ساری چیزوں پر 3، چار مہینے سے منصوبہ بندی ہورہی تھی۔ دریں اثنا سابق کپتان رمیز راجا نے بھی کہا کہ مصباح الحق دفاعی کھلاڑی ہیں ایسے میں انہیں کوچ اور چیف سلیکٹر بنانا درست نہیں ہوگا۔پاکستان کو جارح مزاج اور بے خوف کرکٹ کھیلنے والے کوچز کی ضرورت ہے۔ مصباح دفاعی کپتان تھے جو حریف ٹیم کی غلطیوں کا انتظار کرتے تھے۔ ٹیم کو نئی سمت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانٹ فلاور کوچنگ سے سبکدوشی کے بعد بلاوجہ تنقید کررہے ہیں۔ کوچز کی جانب سے زہریلا پن سمجھ سے بالاتر ہے۔