اتحاد تنظیمات مدارس کے پوزیشن ہولڈرز سے ملاقات، مدارس قومی دھارے میں لانے کے نتائج مثبت، دینی طلبا کو ملازمتوں کے مواقع ملیں گے، آرمی چیف

August 22, 2019

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے مثبت نتائج نکلیں گے،دینی مدارس کے طلباء کو ملازمتوں کے مواقع ملیں گے، طلبہ خوشحال اور ترقی کرتے پاکستان کیلئے خدمات جاری رکھیں اورمفید شہری کی حیثیت سے معاشرے کا حصہ بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںن ے اتحاد تنظیمات مدارس کے پوزیشن ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کیا اور پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات تقسیم کئے ۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

آرمی چیف سے مدارس کے طلبا کی ملاقات

علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آردیننس فیکٹریز (پی او ایف ) اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا اور واہ نوبل کیمیکلز فیکٹری میں پلانٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ پی او ایف مشترکہ منصوبوں کیلئے متحرک اقدامات کرے، مختلف مصنوعات کی تیاری کیلئے نجی شعبے سے مشترکہ معاہدے کیے جائیں۔ آئی ایس پی آ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اتحاد تنظیمات مدارس کے انٹرمیڈیٹ امتحان کے پوزیشن ہولڈر طلباء نے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نےکہاکہ طلبہ خوشحال اور ترقی کرتے پاکستان کیلئے خدمات جاری رکھیں، مدارس کو قومی تعلیمی نظام میں لانے سے طلبہ کو کیرئیر کے بہترین مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ طلباء مفید شہری کی حیثیت سے معاشرے کا حصہ بنیں۔آرمی چیف نے طلباء کے والدین اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاق المدارس کے 12 جبکہ رابط المدارس کے ایک طالبعلم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں،آرمی چیف طے شدہ وقت سے دوگنا وقت تقریب میں موجود ر ہے-وہ طلبہ کے ساتھ گھل مل گئے اور بعض طلبہ سے فردا فردا مختلف سوالات بھی کیے-جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پراتحاد تنظیمات مدارس،فاق المدارس اور متعلقہ مدارس کے ذمہ داران کوخراج تحسین پیش کیا اور طلبہ و طالبات کو ملک و ملت کی خدمت کرنے اور مثالی معاشرے کے قیام کیلئے کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ تقریب کے دوران مولانا محمد حنیف جالندھری کو بھی اعزازی شیلڈ دی گئی، مولانا جالندھری نے تقریب کے اختتام پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تنظیمات مدارس سے 4 ؍ طالبات سمیت 13 طلبہ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کیں۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز (پی او ایف) اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر کےمطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر واہ نوبل کیمیکلز فیکٹری میں پلانٹ کا افتتاح کیا۔آرمی چیف نے پی او ایف ڈسپلے سینٹر میں رکھی مصنوعات دیکھیں جبکہ ایچ آئی ٹی میں انھوں نے ٹینکوں اور دفاعی مصنوعات کی تیاری کا جائزہ لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی کہ پی او ایف مشترکہ منصوبوں کیلئے متحرک اقدامات کرے، مختلف مصنوعات کی تیاری کیلئے نجی شعبے سے مشترکہ معاہدے کیے جائیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاعی اورسکیورٹی آلات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ادارے اعلیٰ معیار کے آلات بنا کر قومی خزانے کی بچت کر رہے ہیں۔