سکھ اور مسیحی برادری کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

August 23, 2019

پاکستان کی اقلیتی برادری کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کےلیے کھڑی ہوگئی، سکھوں اور مسیحی برادری نے اسلام آباد کی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف ریلی میں شریک سکھ اور مسیحی برادری نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

ریلی میں سکھ وفد کے سربراہ سردار پرتاپ سنگھ اور بشپ ندیم کامران نے مسیحی وفد کی قیادت کی اور تقریب سے خطاب بھی کیا، اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور اداکار شان بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں سردار پرتاپ سنگھ نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ کشمیریوں کے ساتھ ہیں، گولڈن ٹیمپل سے سکھوں کو کشمیریوں کی مدد کرنے کی ہدایت مل گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ ظلم کررہا ہے، نریندر مودی کرسی کے نشے میں ہے، آج نہیں تو کل اس کے ظلم کا خاتمہ ہوجائے گا۔

پرتاپ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ جب سکھ کسی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو مرتے دم تک ساتھ رہتے ہیں، پاکستان اور خالصتان کا جھنڈا دہلی کے چاندنی چوک پر لہرائے گا۔

بشپ ندیم کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسیحی برادری کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے، ہم پاکستان کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم اس کی آزادی کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے، اپنی فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں۔

مسیحی رہنما نے مزید کہا کہ دشمن نے ہماری قابلیت کو دیکھا ہے کہ اس کے حملے کا جواب ہم نے کیسے دیا، ہم اپنے خطے میں امن چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی عقیدہ، کوئی مذہب حق کی بات کرنے سے نہیں روکتا، پوری قوم کی طرف سے نریندر مودی کو پیغام دیتے ہیں کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، ہم خون کا ایک ایک قطرہ بہانا جانتے ہیں۔