کرنٹ سے ہلاکتیں،کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا کا فیصلہ خوش آئند ہے،وسیم اختر

September 08, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا کی انکوائری کا فیصلہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے حق میں ہے جو خوش آئند ہے، اس سے کراچی کے شہریوں کو حوصلہ ملے گا، بارشوں میں 19 افراد کی کرنٹ سے ہلاکت کا ذمے دار کے الیکٹرک کو قرار دیا گیا ہے، اتنی بڑی تعداد میں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر کے الیکٹرک کے خلاف اجتماعی قتل کا مقدمہ ہائی کورٹ کی سطح پر ”کھلی عدالت“ میں چلایا جائے،وہ ہفتے کو کراچی پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کی حیثیت سے میں اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، اب یہ مقدمہ کسی ایک فرد کا نہیں! پورے شہر کا مقدمہ بن چکا ہے اور مزید ایسے واقعات جن میں معصوم شہری کرنٹ لگنے سے جاں بحق یا زخمی ہو گئے ہیں انہیں بھی اس مقدمے میں فریق بننے کا موقع دیا جائے، میں کسی کو بلا وجہ سزا دینے کے حق میں نہیں، مگر نظام درست نہیں ہوا تو یہ شہر نہیں چل سکتا، کراچی کے عوام کی قسمت میں گٹر میں گر کر یا کرنٹ لگ کر ہلاک ہونا ہی لکھا ہے تو ذمے داروں کو سزا اور لواحقین کو انصاف ملنا چائیے۔