کراچی، 20 مقامات پر ڈائیورژن بنائے ہیں، ٹریفک پولیس

September 08, 2019

کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے 8 محرم الحرام کے جلوس کے حوالے سے روٹ اور ٹریفک کے متبادل راستوںکا اعلان کیا گیا ہے، 20 مقامات پر ڈائیورژن بنائے ہیں جبکہ جلوسوں کی گزر گاہوں پر کنٹینرز بھی رکھ دیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق 8 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے 11 بجے برآمد ہوکر اپنے متعلقہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے روٹس میں نشتر پارک ، نیو ایم اے جناح روڈ، پریڈی اسٹریٹ، ایم اے جناح روڈ، کھارادر حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ شامل ہوں گے۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق جلوس کے شروع ہوتے ہی تمام ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈ، انکل سریا چوک سے جوبلی یا نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا، جبکہ ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن کی طرف کا راستہ دیا جائے گا۔

لیاقت آباد سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے والی ٹریفک کو تین ہٹی چوک سے مارٹن کوارٹر جیل روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا اور ٹریفک کو جیل چورنگی فلائی اوور تک جانے کی اجازت ہوگی۔

جیل روڈ سے جمشید کوارٹر شاہراہ قائدین، لکی اسٹار، شاہراہ فیصل، سرور شہید روڈ، فاطمہ جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ موڑ دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو اسٹیڈیم روڈ کی جانب سےنیو ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے کی اجازت ہوگی، دادابھائی نور جی روڈ،کشمیر روڈاور سوسائٹی لائٹ سگنل سے ہوتی ہوئی براستہ شاہراہ قائدین سے شارع فیصل جانے کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب کسی بھی قسم کے ٹریفک کو پی پی چورنگی سے صدر دواخانہ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ سپر ہائی وے گلبرک کی جانب سے ایم اے جناح روڈ جانے والے ٹریفک کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

گلبرک سپر ہائی وے سے آنے والا ٹریفک ناظم آباد سے براستہ حبیب بینک ،شیرشاہ سے ماری پور تک جاسکے گا،جبکہ ٹریفک کو گرومندر سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شاہراہ قائدین سے نمائش جانے والے ٹریفک کو سوسائٹی آفس پر روک دیا جائے گا،جلوس میں انٹری پاس والی گاڑیوں کو شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔

جلوس میں ناظم آباد سے آنے والے شرکاء لسبیلہ، البیلہ، گارڈن جماعت خانہ، سولجر بازار نمبر 3 تا نمائش سے پہنچ سکیں گے۔

واضح رہے کہ ٹریفک پولیس نے 20 مقامات پر ڈائیورژن بنائے ہیں، کسی بھی گاڑی کو جلوس کے راستے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی،جبکہ جلوسوں کی گزر گاہوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب شہر میں رات سے مرکزی جلوس کی گزرگاہ بند کردی گئی ہے ،ایم اے جناح روڈ، سول اسپتال کے قریب سڑک کو ٹریفک کے لیےکھلا رکھا گیا ہے تاہم جلوس کے قریب آتے ہی سڑک پر کنٹینرز لگادیے جائیں گے۔