وہاڑی: صحافی کے قتل کا مقدمہ خاتون سمیت 6 افراد کیخلاف درج

September 13, 2019

پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں صحافی ظفر عباس کے قتل کا مقدمہ خاتون سمیت 6 ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول صحافی ظفر عباس کے بھانجے کی مدعیت میں تھانہ مترو میں 6 ملزمان کے خلاف پہلے سے درج اغوا کے مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ڈی پی او وہاڑی ثاقب سلطان محمود کے مطابق صحافی ظفر عباس کو ملزمان نے گھر بلا کر تشدد کرکے قتل کیا۔

مقتول کے اعضاء کے نمونے فارنزک لیبارٹری لاہور بھجوا دیئے گئے ہیں اور ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

صحافی ظفرعباس 7 ستمبر کو لاپتہ ہوئے تھے، جن کی لاش گزشتہ روز ایک کنویں سے ملی تھی۔

مقتول صحافی کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔