جاپانی ویزا کے لیے دس پاکستانیوں کی دستاویزات جعلی قرار

October 08, 2019

جاپانی ویزا کے حصول کے لیے کراچی میں 10 پاکستانی شہریوں نے جاپان قونصلیٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرا دیں۔

ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران ان درخواست گزاروں کے خلاف جعلسازی کے واضح شواہد مل گئے ہیں اور قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کراچی میں جاپانی قونصلیٹ کے پولیس اتاشی اور سیکورٹی چیف کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اسلام آباد کو تحریری درخواست دی گئی تھی کہ کراچی کے رہائشی ایک شہری حسنین الحسن نے جاپان کے تفریحی دورے کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔

شہری نے ویزا درخواست کے ساتھ دستاویزات میں خود کو ایک میڈیسن کمپنی کا سیلز ایگزیکٹو ظاہر کیا تھا اور نجی بینک میں اپنے اکاؤنٹ کے چھ ماہ کی ٹرانزیکشن کی تفصیلات بھی دی تھیں جو چھان بین کے دوران مشکوک قرار دی گئیں۔

قونصلیٹ نے مذکورہ دستاویزات کی مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سے درخواست کی۔

قونصلیٹ سیکورٹی انچارج کے مطابق اس عرصے میں بعض دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے فراہم کی گئی اسی طرح کی دستاویزات کی بھی چھان بین کی گئی تو وہ جعلی نکلیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق متعلقہ بینک نے تمام اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹس کو بوگس قرار دیا، اسی طرح مذکورہ میڈیسن کمپنی کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ نے ان درخواست گزاروں کی ملازمت اور تجربہ کے سرٹیفکیٹس کو بھی جعلی قرار دیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اس سلسلے میں جاپانی قونصلیٹ حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ان افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔