وزیراعظم کا دورۂ چین کے فوری بعد سعودی عرب جانے کا امکان

October 09, 2019

وزیراعظم عمران خان کا چین کےدورے سے واپسی کے بعد سعودی عرب کے اہم دورے پر روانہ ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے شیڈول کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق دورہ سعودی عرب سے واپسی پر وزیراعظم ایران کے مختصر دورے پر بھی روانہ ہوسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چین سے واپسی پر عمران خان کے سعودی عرب اور ایران کے دوروں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کےلیے کردار ادا کرنا ہے۔

ایران اور سعودی عرب کے تعلقات 14 ستمبر 2019ء کو سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر حملےکے بعد سے کشیدہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی قیادت سے اس معاملے پر بات چیت کی تھی، صدر ٹرمپ نے بھی انہیں ایران سے بات چیت کے لیے کہا تھا۔

عمران خان نے نیویارک میں ایرانی صدر حسن روحانی سے بھی اس موضوع پر بات چیت کی تھی۔