بچیوں کاعالمی دن، پاکستانی ہا ئی کمیشن میں بھارتی مظالم سے متاثرہ کشمیری لڑکیوں کی یاد میں اجتماع

October 12, 2019

لندن (جنگ نیوز) بچیوں کے عالمی دن کی مناسبت سے بھارتی مظالم سے متاثرہ کشمیری بچیوں کی یاد میں پاکستان ہائی کمیشن میں ایک تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر ہائی کمیشن میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جمع ہونے والے سیکڑوں افراد نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا اور اجتماعی دعا بھی کی گئی ہے۔ ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے پیمان کی یاد دلائی جہاں گزشتہ68دنوں سے8ملین سے زائد افراد محاصرے میں ہیں۔ نفیس زکریا نے مقبوضہ کشمیر میں ریپ، پیلٹ گن، اغوا اور ایذا رسانی سے متاثرہ کشمیری لڑکیوں کا بطور خاص ذکر کیا۔ ہائی کمشنر نے کشمیر میں جاری انسانی بحران سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا، انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر مصائب کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے، میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جوابات میں انہوں نے کہا کہ بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر کشمیریوں لڑکیوں کو یاد رکھنا ضروری ہےجو مختلف مظالم کا شکار ہوئی ہیں، ان کے مستقبل اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے غورو فکر بہت اہم ہے، اس موقع پر انہوں نے1991ء کے کنان پوشپورہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر بھارتی مظالم کا شکار کشمیری بچیوں کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں۔