عوام حکومت سے نوکریاں نہ مانگے، روزگار دینا حکومت کا نہیں نجی شعبے کا کام ہے، سرکار صرف ماحول پیدا کرتی ہے، 400 محکمے بند کرنے پر غور کررہے ہیں، وفاقی وزیر

October 16, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

اسلام آباد:وفاقی وزیر فواد چودھری کا انجینئرنگ اداروں کے دوسرے ڈینز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عوام سے کہا ہے کہ وہ حکومت سے نوکریاں نہ مانگے‘روزگار دینا حکومت کا نہیں نجی شعبے کا کام ہے ‘حکومت صرف ماحول پیدا کرتی ہے ‘حکومت نوکریاں نہیں دے سکتی۔

حکومت 400محکموں کو بندکرنے پر غورکررہی ہے‘ہم روزگار دلانے لگ جائیں تو معیشت تباہ ہوجائے گی‘ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے سرکاری اداروں کو نوکریوں کی بندر بانٹ سے تباہ کیا‘ ‏تحریک انصاف کو ایک تباہ حال معیشت ورثے میں ملی‘ عمران خان نہ ہوتے تو آج پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہوتا‘ہم نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا اور آج ٹیک آف کی پوزیشن میں آئے ہیں‘ ان اداروں کو ختم کرنے کی بات کی جن کا معیشت کے استحکام میں کوئی کردار نہیں بلکہ ایسے ادارے معیشت پر بوجھ ہیں۔

ایسے اداروں کو ختم کرنا اور حکومت کے حجم کو کم کرنا تحریک انصاف کی حکومت کی کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے ۔ منگل کو اسلام آباد کے انجینئرنگ اداروں کے دوسرے ڈینز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی بلکہ میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ʼپاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی حکومتیں سکڑ رہی ہیں‘اگر ہم روزگار دلانے لگ جائیں تو معیشت تباہ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ʼیہ 1970 کی سوچ ہوا کرتی تھی کہ حکومت روزگار فراہم کرے گی مگر اب نجی شعبے روزگار فراہم کرتے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ʼنوکریاں دینا نجی شعبے کا کام ہے‘ حکومت صرف ماحول پیدا کرتی ہے ‘یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں حیران ہوں کہ ہر بیان کو کیسے سیاق وسباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک اوربیان میں فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ‏تحریک انصاف کو ایک تباہ شدہ معیشت ورثے میں ملی‘ عمران خان نہ ہوتے تو آج پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہوتا‘ ہم نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا اور آج ٹیک آف کی پوزیشن میں آئے ہیں‘ وفاقی وزیرنے کہاکہ ‏جدید حکومت کی معاشی پالیسی پرائیویٹ کاروبار کے فروغ پر مبنی ہوتی ہے تا کہ پرائیوٹ سیکٹر اتنا مضبوط ہو کہ لاکھوں نوکریاں پیدا کر سکے‘ اب بھی حکومت کےتمام ملازمین کل ورک فورس کا چھ فیصد ہیں جبکہ 94% لوگ زراعت اور پرائیویٹ کاروبار سے منسلک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏آج سرکاری اداروں کا جو حال ہے اس کی بنیادی وجہ سرکاری اداروں میں نوکریاں بیچنا اور میرٹ سے ہٹ کر نوازنا ہے‘ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے سرکاری اداروں کو نوکریوں کی بندر بانٹ سے تباہ کیا‘ صرف کوئی بیوقوف اور معیشت سے نابلد شخص ہی مطالبہ کرے گا کہ نوکریوں سے مراد سرکاری ملازمت ہے۔

اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے نوکریوں کے حوالے سے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوکریوں کے حوالے سے ان کے بیان کو سیاق و سباق کے بغیر پیش کیا گیا ہے۔

منگل کو ترجمان کی جانب سے جاری ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق حکومت کی پالیسیز کا مقصد پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے اور ملک میں صنعت و تجارت کو فروغ دینا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح معیشت کے استحکام کے لئے ایک سازگار ماحول بنانا ہے جس میں صنعت و تجارت کو فروغ ملے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری نے ان اداروں کو ختم کرنے کی بات کی جن کا معیشت کے استحکام میں کوئی کردار نہیں بلکہ ایسے ادارے معیشت پر بوجھ ہیں۔

ایسے اداروں کو ختم کرنا اور حکومت کے حجم کو کم کرنا تحریک انصاف کی حکومت کی کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے۔