سرفراز کی قیادت سے برطرفی کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

October 18, 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے سابق رکن اور پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر نے سرفراز احمد کی قیادت سے برطرفی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی سے فیصلے پر دبارہ غور کا مطالبہ کردیا۔

پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سرفراز احمد کو ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے باضابطہ اعلان کے بعد ایک بیان میں ندیم عمر نے کہا کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر بہت تعجب ہوا ہے کیوں کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم بنا، مسلسل گیارہ سیریز جیتیں، صرف ایک سیریز کی بنیاد پر سرفراز احمد کو اس فارمیٹ سے ہٹادینا نا انصافی ہے۔

انہوں نے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے پی سی بی سے اس پر دوبارہ غور کا مطالبہ کیا ہے۔

ندیم عمر نے مزید کہا کہ ون ڈے میں بھی جب سرفراز نے قیادت سنبھالی تو پاکستانی ٹیم کی براہ راست ورلڈ کپ تک رسائی بھی مشکل تھی، سرفراز نے ایسے میں ٹیم کو سنبھالا، چیمپئنز ٹرافی جتوائی اور رینکنگ بہتر بنوائی۔

ندیم عمر، جو سابقہ کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں، نے خدشہ ظاہر کیا کہ سرفراز کو یوں قیادت سے ہٹائے جانے سے پاکستان کرکٹ کو نقصان ہوگا۔