وزیراعظم کی معاشی ٹیم کے ساتھ بڑی بیٹھک، اہم فیصلے

October 26, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعظم کی معاشی ٹیم کے ساتھ بڑی بیٹھک، اہم فیصلے

وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کے ساتھ بڑی بیٹھک میں کئی اہم فیصلے کرلیے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار، علی زیدی، عمر ایوب، حماد اظہر، مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، چیئرمین ایف بی آر شبّر زیدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس اعوان، یوسف بیگ مرزا و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایف ڈبلیو او نے تاجروں کی سہولت کے لیے ایم نائن پر ایکسل لوڈ پر عمل داری ایک سال کےلیے موخر کردی ہے، یہ فیصلہ تاجر برادری کی درخواست پر لیا گیا۔

وزیراعظم نے عالمی بینک کی طرف سے پاکستان کی کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کی رینکنگ میں اضافے پر متعلقہ اداروں اور ان کے اہلکاروں کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں، معاشی ٹیم کے ساتھ متواتر اجلاس کا مقصد معیشت کے پہیے کو تیز تر کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعمیرات اور چھوٹے کاروبار کو ترویج دینا اب معاشی ٹیم کا مشن ہونا چاہیے تاکہ روزگار کے مواقع ملیں اور معیشت کا پہیہ چلے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ ملکی سرمایہ کاروں کو بھی سہولیات دینا ہماری ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ترسیلات میں آسانیاں پیدا کی جائیں، روپے کی قدر مستحکم ہوگئی ہے اور اسٹاک مارکیٹ کے اعشاریے اوپر جا رہے ہیں۔

اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بریفنگ دی اور بتایا کہ بینکنگ کورٹس میں ساڑھے 9 لاکھ کے قریب کیسز زیر التوا ہیں، جن کے حل کےلیے قوانین میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے فروغ کے لیے آگاہ کیا گیا کہ سمیڈا کے لیے ایک متحرک اور ماہر افراد پر مشتمل بورڈ آف گورنرز قائم کیا جا رہا ہے۔

سمیڈا کے سی ای او کی تعیناتی دسمبر تک ہو جائے گی اور 3 سالہ اسٹریٹجی منظور کی جائے گی۔