پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی

November 20, 2019

اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے 10 اکتوبر کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی درخواست پر سماعت کی۔

ایسوسی ایٹ وکیل شاہ خاور نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں کیس تھوڑی دیر ملتوی کیا جائے، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ اگر وہ گیارہ بجے کے بعد آئیں گے، تو تب تک انتظار نہیں کیا جاسکتا۔

جونیئر وکیل نے عدالت سے کہا کہ آئندہ کی کوئی مختصر تاریخ دے دیں، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔