ٹرانسفر کے باوجود ایڈیشنل سیکرٹری فوڈ پارکو میٹنگ کیلئے ملک سے باہر چلے گئے

December 10, 2019

اسلام آباد ( عاطف شیرازی )پٹرولیم ڈویژن سے وزارت خوارک میں ٹرانسفر ہونے والے قومی تحفظ خوراک کےایڈیشنل سیکرٹری شیر افگن مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کے برعکس پاک عرب ریفائنری ( پارکو ) کی بورڈ میٹنگ اٹینڈ کرنے ملک سے باہر چلے گئے جبکہ نئے آنے والے ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم ادھر ہی رہ گئے، بالحاظ عہدہ میٹنگ میں ان کی شرکت لازمی تھی۔

پارکو اور پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ شیر افگن خان کے اعزاز میں جمعرات کے روز الوداعی پارٹی اہتمام کیا گیا جس کے بعد انہیں سرکاری طور پر وزارت تحفظ قومی خوراک میں جا کر اپنی پیشہ وارانہ زمہ داریاں نبھانی تھیں مگر وہ سیکرٹری پٹرولیم کے ہمراہ دورے پر چلے گئے، سیکرٹری پٹرولیم 11 روز ملک سے باہر رہیں گے جبکہ شیر افگن خان پارکوبورڈ میٹنگ کے سلسلہ میں دوبئی میں ہوں گے۔

شیر افگن بالحاظ عہدہ ایڈیشنل سیکرٹری ون پٹرولیم ڈویژن پارکو ،سوئی نادرن ،سوئی سدرن اور او جی ڈی سی ایل کے بورڈ پر تھے ۔

سرکاری قواعد وضوابط کےمطابق ان کی جگہ پر آنے والے نئے ایڈیشنل سیکرٹری چوہدری ایوب وڑایچ کو اس بورڈ میٹنگ کی وجہ سے ایک ہفتہ پٹرولیم ڈویژن میں جوائننگ نہ کرنے دی گئی تا کہ عہدے کے لحاظ سے ان چاروں بورڈ پر ان کی فوری نامزدگی نہ ہوسکے اور ان کی جگہ پر شیر افگن پارکو بورڈ کی بھاری بھرکم فیس جو کہ ڈالرز میں ادا کی جاتی ہے اس کے حقدار بن جائیں۔