عدالت میں پتہ چلا مجھ پر منشیات اسمگلنگ کا الزام ہے، رانا ثناء

January 01, 2020

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد جب انہیں عدالت میں لایا گیا تب بتایا گیا کہ انہیں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ، ان کامطالبہ ہےکہ اُن کے خلاف منشیات کا کیس بنانے کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے لاہور ہائیکورٹ بار میں گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے خلاف منشیات کے کیس کو بوگس اور سیاسی انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔

رانا ثناء نے کہا کہ حیرت ہے، 6 ماہ تک وزیر اعظم کو ان کے خلاف مقدمے کا علم نہیں تھا، حالانکہ اے این ایف اہلکار کہتے تھے کہ اوپر سے حکم آیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ سلیکٹر سے ملک نہیں چل رہا، حکومت کے پاس دھمکیاں دینے اور سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں، کاروباری حالات تباہ ہو کر رہ گئے، ریڑھی بان اور فیکٹری مالکان سمیت سبھی پریشان ہیں۔

سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس سال میں مڈٹرم الیکشن کے لیے جدوجہد کرے گی ۔

اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار میںرانا ثناء نے وکلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میں آپ سب کا شکر گزار ہوں جو آپ ان حالات میں میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔