پختونوں کے مسائل مشترکہ طور پر حل کرنیکی پیشکش کو سراہتے ہیں ،اسفندیار ولی

January 15, 2020

پشاور(نمائندہ جنگ)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پختونوں کے مسائل مشترکہ اور متفقہ طور پر حل کرنے کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی نے ہمیشہ پختونوں کے مطالبات، خودمختاری، دھرتی پر تشدد، امن کے بیانیے، قومی مساوات، آئین و قانون کی بالادستی اور وفاقی پارلیمانی جمہوریت کو مقدم رکھا ہے، اے این پی سمجھتی ہے کہ پختونوں کو درپیش مشکلات اور مسائل مل جل کر اور متحد ہونے کے بغیر حل نہیں ہوسکتے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی کا ماضی گواہ ہے کہ وہ ہمیشہ سے اجتماعی حکمت اور مکالمے پر یقین رکھتی آرہی ہے، اے این پی پختونوں کی مشکلات اور مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر کھڑی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پختون تحفظ موومنٹ کی طرف سے پختونوں کے مسائل مشترکہ طور پر حل کرنے کی پیشکش خوش آئند ہے۔ اے این پی نے اُن کے مطالبات کی روز اول سے حمایت کی ہے۔