لاہور : مختلف علاقوں میں آٹے کی قلت برقرار

January 21, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

لاہور میں آٹے کی قلت

لاہور کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قلت برقرار ہے، دکانوں پر 10 اور 20 کلو کے آٹا کا تھیلا دستیاب نہیں، لوگ مارے مارے پھر رہے ہیں، دوسری طرف چکی مالکان بھی من مانی قیمت وصول کر رہے ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں دکانوں پر آٹا غائب ہے، دکانداروں کا کہنا ہے کہ فلور مل والے کئی دن سے 10اور 20 کلو کا تھیلا سپلائی نہیں کررہے، آٹا نہ ملنے پر لوگ پریشان ہیں جبکہ کہیں 64 اور کہیں 70 روپے فی کلو آٹا بیچا جارہا ہے۔

آٹا نہ ملنے پر شہری حکومت سے بھی نالاں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ اس بحرا ن سے نمٹنے کی پیشگی منصوبہ بندی کرتی۔ اب لوگ آٹے کے حصول کیلئے در بدر پھر رہے ہیں، مہنگائی نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔

شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلور ملز مالکان اور حکومت کی طرف سے آٹے کی سپلائی کے تمام دعوے دھرے رہ گئے ہیں جبکہ سپلائی کم ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں بھی استحکام نہیں آرہا۔