لیڈی گاگا کا کیلیفورنیا مینشن

February 02, 2020

شہرہ آفاق گلوکارہ لیڈی گاگا کا نام کسی تعارف کامحتاج نہیں۔ ابتداء ہی سےہار اور ناکامی کا خوف دل سے نکال کر کامیابی کے لیے کوشاں رہنے والی لیڈی گاگا نے جس کیریئر کا انتخاب کیا اس میں کامیابی ان کا مقدر بنتی چلی گئی۔ منفرد اندازِ موسیقی کے ساتھ جب انھوںنے ہالی ووڈ میں قدم رکھا تو کم عمری میں ہی شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اعلیٰ درجے کی گلوکارہ کا خطاب پایا۔ شعبہ اداکاری میں اینٹری کے ساتھ ہی وہ کروڑوں دلوں کی دھڑکن بن گئیں اور اس کے بعد ان کا میک اَپ برانڈ جلد ہی لوگوں کی ڈیمانڈ بن گیا۔

آج ہم اپنے مضمون میں لیڈی گاگا سے متعلق جس معلو مات کا ذکر کرنے جارہے ہیں، وہ ان کا طرزِ رہائش ہے۔ کسی بھی شخص کے طرز رہائش سے اس کی شخصیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، لہٰذا اسحوالے سے ان کے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر میلیبو میں سمندر کنارے واقع مینشن کی بات کرتے ہیں۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس گھر کو لیڈی گاگا نے 2014ء میں 22.5ملین امریکی ڈالر میں خریدا تھا۔

لیڈی گاگا کا پسندیدہ مقام

لیڈی گاگا کے کیلیفورنیا مینشن کو نہ صرف اس کی تعمیراتی خصوصیات کے باعث خاص اہمیت حاصل ہے بلکہ لیڈی گا گا کے مطابق یہ مینشن ان کا پسندیدہ مقام ہے۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران لیڈی گاگا کا اس گھر سے متعلق کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے کسی نخلستان، محل اور مقدس جگہ سے کم نہیں ہے۔

تعمیراتی خصوصیات

ہمیں یقین ہے کہ ہمارے قارئین بھی میلیبومیں وا قع لیڈی گاگا کے وسیع و عریض مینشن کی تعمیراتی خصوصیات اور اندرونی منظر کشی کے بارے میں جان کر دنگ رہ جائیں گے۔

٭ یہ عالیشان گھر کیلیفورنیا کے سب سے بڑے سمندروں میں سے ایک، زوما بیچ کے مقام پر ہے۔ یہ لیڈی گاگا کی 6ایکڑ جائیداد کا حصہ ہے، جسے 2014ء میں 10ہزار270اسکوائر فٹ کے رقبہ پر تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ خوبصورت مینشن ساحل سمندر پر (جسے عام طور پر واٹر فرنٹ پراپرٹی کہاجاتا ہے) کسی شاہکار سے کم نہیں ہے۔

٭ساحل سمندر پر بنائے گئے گھر فطری حسن اور حسین سمندری مناظر کی وجہ سے بےپناہ کشش کے حامل سمجھے جاتے ہیں لیکن ان گھروں کی تعمیر عام افراد کیلئے آسان نہیں۔ تاہم، لیڈی گاگا ان سیلیبرٹیز میں شامل ہیں، جنہوں نے اس خوبصورت خواب کی تکمیل پالی ہے۔ اس گھر میں پا نچ بیڈ روم، سات باتھ روم اور گیلری ایریا موجود ہے، جہاں سے سحر میں مبتلا کردینے والا نظارہ کیا جاسکتا ہے ۔

٭ اس گھر کی تعمیر اوپن فلور پلان کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، جو کہ درحقیقت ایسا پلان ہے جس میں بڑی اور کھلی جگہوں کو استعمال میں لایا جاتاہے اور چھوٹی جگہوں کو کم سے کم استعمال کرکے انہیں بڑا دکھایاجاتا ہے یا ایسا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیڈی گاگا کا مینشن بھی اوپن فلور پلان کی ایک بہترین مثال ہے۔ نقشہ سازی کے دوران لیونگ روم اور ڈائننگ ایریا پر خاص توجہ دی گئی ہے۔

٭ گھر کے اندرونی حصے کی بات کی جائے تو یہ بیرونی حصے سے تھوڑا منفرد اورجداگانہ ہے۔ انٹیریئر میں لکڑی کافرش اور لکڑی کے بنے خوبصورت کیبنٹ سسٹم ،حتیٰ کہ کمروں کی کئی چھتوں خاص طور پر لیونگ روم اور دائننگ ایریا کے لیے بھی لکڑی کے بیم کا استعمال کیا گیا ہے۔

٭ گراؤنڈ فلور پر بنے بیڈروم میں باہر کا خوبصورت منظر دیکھنے کے لیے بڑی بڑی کھڑکیاں بنائی گئی ہیں۔ ان کھڑکیوں کے باعث باہر کےخوبصورت منظر کا نظارہ کھڑکی کھولے بنا ہی کیا جاسکتا ہے۔

٭ چھت پر لیڈی گاگا کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ذاتی ٹیرس بنایا گیا ہے، جہاں بہت زیادہ سجاوٹ کے بجائے کیمل پینٹ کے ساتھ تعمیر کی گئی دیوار، چار کرسیوں پر مشتمل ٹیبل اور ایک بیڈ موجود ہے، فرصت کے اوقات میں لیڈی گاگا یہاں آرام کرتی ہیں۔

٭ کچن کی تعمیر میں بھی لکڑی کو خاص اہمیت دی گئی ہے، جس کے باعث کچن کلاسیکل اور جدت کا خوبصورت امتزاج معلوم ہوتا ہے۔ ایک طرف بڑاسا کچن تو دوسری طرف لکڑی کی ڈائننگ ٹیبل خوبصورت احساس دیتی ہے۔ گھر کے اس حصے کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ گویا آپ 1960ء کی دہائی میں آگئے ہوں۔

٭ مینشن میں ایک خوبصورت اور کلاسیکل طرز پر بنی لائبریری اور ہوم تھیٹربھی موجود ہے۔ بیرونی حصے میں مہمانوں کیلئے گیسٹ روم ، انفنیٹی پول، بال کورٹ اور آؤٹ ڈور ڈائننگ ایریا تعمیر کیا گیا ہے۔ لیڈی گاگا کا یہ خوبصورت مینشن کلاسیکل امتزاج کے ساتھ تمام جدید سہولیات پر مشتمل کسی حیرت کدہ سے کم نہیں۔