سی اے ایس الپائن اسکی کپ:سلالم کیٹیگری میں یوکرائنی اسکیئرز چھائے رہے

February 07, 2020

چیف آف دی ائیر اسٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ کی سلالم کیٹیگری میں تینوں میڈلز یوکرائن کے اسکیئرز نے جیت لیے، خواتین کے ایونٹ میں پاکستان کی خوشیم کامیاب رہیں۔

مالم جبہ اسکی ریزورٹ میں چوتھے چیف آف دی ائیر اسٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ کی سلالم کیٹیگری کے مقابلوں میں یوکرائن کے اسکیئرز چھائے رہے اور تینوں میڈلز اپنے نام کرلیے۔ ویٹالی ایب نے طلائی، نازاری پیٹرک نے چاندی اور مائیکولا ڈیچوک نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

جائنٹ سلالم کیٹیگری میں سونے کے دو تمغے جیتنے والی پاکستانی اسکیئرخوشیم صاحبہ نے سلالم کیٹیگری میں بھی سونے کا تمغہ جیت لیا۔

نیشنل اسکی چیمپئن شپ کے مقابلوں میں پاک فضائیہ کے محمد کریم نے سلالم کیٹیگری میں سونے اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے میر نواز نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا ۔

جائنٹ سلالم کیٹیگری میں بھی محمد کریم نے سونے اورمیر نواز اور زاہد عباس نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کئے۔