مساجد امن محبت اورانسانی ہمدردی کے مراکز ہیں‘مفتی غلام الرحمٰن

February 11, 2020

پشاور ( وقائع نگار )مساجد امن،محبت اور بھائی چارے کے مراکز ہیں ۔دین اسلام ایک مکمل دین ہے جو پوری انسانیت کی بہترین رہنمائی کرتا ہے۔بچوں کی صحیح تربیت نہیں کی تومعاشرے میں فساد برپاہوگا۔دین اسلا م ہرگزعصری تعلیم کے مخالف نہیں تاہم تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی ضروری ہے ۔اگربچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دی جائے تووہ بڑے ہوکر ملک وقوم کے لیے روشنی بن جاتے ہیں۔مشکلات کاواحد حل قرآن پاک سے اپنا تعلق بنانے میں ہےان خیالات کا اظہار ملک کے معروف دینی درس گاہ جامعہ عثمانیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی غلام الرحمن نے جامع مسجد رضوان لنڈی ارباب میں ختم قرآن کی تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مساجد کو اصلاح معاشرہ کا مرکز اور امن وآشتی کا درس گاہ بنائیں،تعصب اور نفرتوں نے معاشرے کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے ۔لہذا اسلام کی حقیقی تصویر لوگوں کے سامنے پیش کریں۔تقریب میں وفاق المدارس کے صوبائی ناظم مولانا حسین احمد کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔