بلاول بھٹو کل نیب میں پیش ہوں گے

February 12, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل (جمعرات) نیب دفتر میں پیش ہوں گے۔

چیئرمین پی پی کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کل صبح 10 بجے نیب دفتر میں پیش ہوں گے، نیب ہراساں کررہا ہے پھر بھی بلاول بھٹو قانون کی پاسداری و انصاف کےخواہاں ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام دشمن بجٹ پر احتجاج کےاعلان کے ایک ہفتے کے اندر نیب نے پی پی چیئرمین کو نوٹس بھیجا، جب بھی بلاول بھٹو زرداری حکومت پر تنقید کرتے ہیں، نیب نوٹس بھیج دیتا ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ بلاول بھٹو بے قصور ہیں، چیف جسٹس کی جانب سے بلاول بھٹو کو معصوم قرار دینےکے باوجود نیب کا نوٹس سیاسی انتقام ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پی پی چیئرمین کو نیب نوٹس کی سپریم کورٹ بار کی جانب سے مذمت پر بلاول بھٹو نے اظہار تشکر کیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی احستاب بیورو (نیب) نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوجے وی اوپل کیس میں 13فروری کو طلب کر رکھا ہے۔

نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو کو زرداری گروپ کمپنی کا 2008 سے 2019 تک کا تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کی ہے اور ان سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی لسٹ بھی طلب کی ہے۔