یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس 17 فروری کو دوروزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے

February 14, 2020

لاہور (آصف محمود ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس دو روزہ دورے پر 17فروری کو لاہور پہنچیں گے۔’’جنگ ‘‘کو حاصل معلومات کے مطابق یواین سیکرٹری جنرل خصوصی طیارے کے ذریعے رات 9بجکر 50منٹ پر پی اے ایف بیس (اولڈ ایئرپورٹ لاہور) پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال کمشنر، سی سی پی او لاہور، ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ اور ڈائریکٹر اقوام متحدہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران کریں گے۔اس کے فوراً بعد سیکرٹری جنرل کو پی سی ہوٹل منتقل کیا جائے گا جہاں وہ قیام کرینگے۔ انتونیو گوتیرس 18فروری کو صبح 9بجکر 30منٹ پر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) پہنچیں گے جہاں وہ وائس چانسلر کی طرف سےدئیے استقبالئے میں شریک ہونگے اور طلبہ کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کرینگے۔انتونیو گوتیرس ساڑھے گیارہ بجے ڈیفنس میں کنڈرگارڈن سکول میں پولیو مہم کا افتتاح کریں گے، جہاں انہیں صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد بریفنگ دینگی۔انتونیو گوتیرس دوپہر 12بجکر 30منٹ پر بذریعہ ہیلی کاپٹر اے ایف ایئر بیس لاہور سے گوردوارہ کرتار پور صاحب روانہ ہونگے جہاں وہ کمشنر اور آر پی او گوجرانوالہ کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شریک ہونگے۔ انتونیو گوتیرس اسی روز سہ پہر 4بجے بادشاہی مسجد کا دورہ کرینگے جہاں سیکرٹری اوقاف ، خطیب بادشاہی مسجد اور ایڈمنسٹریٹر مسجد نے ان کے اعزاز میں استقبالئے کا اہتمام کیا ہے ۔سیکرٹری جنرل 6 بجے شاہی قلعہ لاہور کا دورہ کریں گے جہاں وہ ہندو، سکھ اور کرسچن کمیونٹی کے نمائندوں کےساتھ انٹرفیتھ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انتونیو گوتیرس رات ساڑھے سات بجے گورنر پنجاب چودھری سرور کی طرف سے گورنرہائوس میں دیئے عشائیے میں شریک ہونگے ۔انتونیو گوتیرس 19فروری کو ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز EK623سے واپس روانہ ہو جائیں گے۔