فضل الرحمان پر آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ کی تجویز بوکھلاہٹ ہے‘ عالم زیب

February 19, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر محمد عالم زیب خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ دھاندلی سے مسلط ہونے والے سلیکٹڈ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں جبکہ عمران نیازی کی طرف سے مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ چلانے کی تجویز بھی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے انہوں نے مسلم لیگ لائرز فورم کے عہدیداروں اور وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اس بیان پر کہ تین ماہ میں سلیکٹڈ حکمرانوں کا بوریا بستر گول ہو جائے گا بغاوت کا مقدمہ نہیں چل سکتا جبکہ2014میں اسلام آباد میں چار ماہ تک دھرنا دینے پارلیمنٹ ہائوس و پی ٹی وی سنٹر پر حملے سول نافرمانی کے اعلان اور یہ دعویٰ کرنا کہ ایمپائر انگلی اٹھنے والی ہے اور دو روز میں حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا پر عمران نیازی کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت بغاوت کا مقدمہ چل سکتا ہے۔ عالم زیب خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن و لو ٹ کھسوٹ سے ملک بد تر ین معاشی بحران سے دو چار ہو چکا ہے اور مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں عوام پر بار بار مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں۔