بچوں کو باغبانی اور پھولوں کی طرف راغب کرنا ہو گا،صدر عارف علوی

February 21, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لیے ہمیں اپنے بچوں کو باغبانی اور پھولوں کی طرف راغب کرنا ہو گا، یہ بات اُنہوں نے عبدالقدیر پارک سی ویو میں ہارٹیکلچر سوسائٹی آف پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ 69؍ویں پاکستان فلاور شو کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریر کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سوسائٹی کے چیئرمین فہیم الدین صدیقی، نوشابہ خلیل، سردار یاسین ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔ صدر پاکستان عارف علوی نے مزید کہا کہ ہماری نئی نسل باغبانی اور پھولوں کی دنیا سے دور ہو گئی ہے انہیں اس کی ضرورت اور اہمیت کا احساس دلانا ہم سب کی ضرورت ہے۔ قومیں نیچے سے بنتی ہیں اوپر سے نہیں بنتیں، قوم بنانے کے لیے جذبے کا آغاز نیچے سے کیا جاتا ہے۔بعد ازاں مختلف علاقوں اور اسکول کے طلبہ میں باغبانی پر انعامات اور ایوارڈ دیے گئے۔