مسئلہ کشمیر سرد خانے سے نکال کر سلامتی کونسل تک پہنچایا، شاہ محمود

February 23, 2020

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملتان میں میڈیا سے گفتگو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو سرد خانے سے نکال کر سلامتی کونسل تک پہنچایا، انسانی حقوق کونسل میں بھی آواز اٹھائیں گے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکا طالبان مذاکرات کے لیے پاکستان خاموشی سےماحول بنانے کی کوشش کرتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں بھی مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اٹھایا جائے گا۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کشمیر سے متعلق ہماری خارجہ پالیسی کےنتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آج کشمیر پر بات کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ کےدورہ پاکستان میں مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی، کشمیرکا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔

انہوںنے بتایا کہ اقوام متحدہ کےفورم پر وزیراعظم اور میں نے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے بھی کشمیر پر کھل کر بات ہوئی ہے۔