دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، سربراہ پاک فضائیہ

February 27, 2020

ایئر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں 27 فروری کے حوالے سے پر وقار تقریب کا انعقاد

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دیا جائے گا، ہر مشکل گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

ایئر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں 27 فروری کے حوالے سے پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارتی فوج کا غرورخاک میں ملایا تھا،پاک فوج کی بہترین کارکردگی عشروں کی محنت کی مرہون منت ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ فوج کے شاہین حب الوطنی کے جذبے سےسرشار ہیں، ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں معاشی مسائل کی وجہ سے ٹیکنالوجی کے حصول میں مشکلات ہیں۔

ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ ہم ہر مشکل گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، پاکستان کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دیا جائے گا، پاک فضائیہ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ایئر چیف مارشل مجاہدانور خان کاکہنا تھا کہ ایئر فورس کے جوان اپنی توانائیاں ملکی دفاع کے لیے وقف کر دیں۔