امریکی فوجیوں کا افغانستان سے انخلا شروع

March 10, 2020

امریکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا نے افغانستان سے اپنے فوجیوں کے انخلا کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکی عہدیدار نے نام نہ بتانے کی شرط پر خبرایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ امریکی فورسز کا انخلا امریکا طالبان امن معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق امریکی فوجی افغانستان سے باہر آرہے ہیں اور ان فوجیوں کا متبادل افغانستان نہیں بھیجا جائے گا۔

عہدیدار کے مطابق امریکا، طالبان امن معاہدے کے تحت امریکا اپنے فوجی 13 ہزار سے کم کر کے 8 ہزار 600 کردے گا۔

واضح رہے کہ29 فروری کو امریکا اور افغان طالبان نے طویل عرصے سے جاری امن مذاکرات کے بعد ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، امید کی جاتی ہے کہ معاہدے سے افغانستان میں برسوں سے جاری جنگ کا خاتمہ ممکن ہو پائے گا۔