رئیسی مجاہد عالم اور عوامی صدر تھے، سپریم لیڈر

May 21, 2024

فائل فوٹو

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ سید ابراہیم رئیسی مجاہد عالم اور عوامی صدر تھے، اس عظیم شخص نے ذمہ داری سنبھالی، خود کو لوگوں، ملک اور اسلام کیلئے وقف رکھا۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ایرانی قوم جاں نثار اور مخلص شخصیت سے محروم ہوگئی۔

ابراہیم رئیسی کیلئے عوام کی خدمت ہر چیز سے بالاتر تھی، بعض بدخواہوں کے طنز بھی انہیں امور بہتر کرنے سے نہ روک سکے۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ آیت اللّٰہ آل ہاشم نماز جمعہ کے محبوب اور قابل احترام پیش امام تھے اور عبداللہیان محنتی اور فعال وزیر خارجہ تھے، مالک رحمتی مشرقی آذربائیجان کے انقلابی گورنر تھے۔

سپریم لیڈر نے کہا کہ وہ ابراہیم رئیسی کی قابل احترام والدہ کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور ابراہیم رئیسی کی نیک و عظیم اہلیہ کو بھی دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ وہ آل ہاشم کے انتہائی محنتی والد کو بھی دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اہل خانہ کے لیے صبر اور مرحومین کی ارواح کیلئے اللّٰہ کے رحم کی دعا کرتے ہیں۔