ایڈیٹر انچیف جنگ جیو کی گرفتاری کے حوالے سے سوال پر وزیراعظم ناراض

March 25, 2020

ایڈیٹر انچیف جنگ جیو کی گرفتاری کے حوالے سے سوال پر وزیراعظم ناراض

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) سینئرصحافیوں سے ملاقات کے دوران جب وزیراعظم سےسوال کیا گیا کہ آپ کی حکومت نے دوماہ کےدوران کرونا سے نمٹنے پرتوجہ دینے کی بجائے میڈیا سے لڑائی میں وقت صرف کیا ہے، میر شکیل الر حمن کو گرفتار کیا گیا، ڈاکٹردانش کا پروگرام بند کیا گیا۔

ایران کے بارڈر کے حوالے سے وقت پرفیصلہ نہیں کیاگیا۔ اس سوال پروزیراعظم ناراض ہوگئے اور کہا کہ اس وقت پاکستان میں ضروری یہ ہے کہ افراتفری نہ پھیلے۔ مجھ سے اس وقت میڈیا کی بات نہ کریں، کورونا کی بات کریں، جس طرح کی میڈیا آزادی پاکستان میں ہے چیلنج کرتا ہوں کہ مغرب میں بھی حاصل نہیں۔

آپ جس طرح کے الز امات یہاں لگاتے ہیں ، ایسے الزام وہاں لگائے جائیں تو وہاں ہتک عزت کے ایسے قانون ہیں کہ اخبارات اور چینل بند ہو جائیں ۔

ایک صحافی نے جب یہ کہا کہ میں میر شکیل الر حمن کی بات نہیں کرتا ۔ میں پپیمرا کی بات نہیں کرتا تو وزیراعظم نے فوری طور پر کہا کہ آپ نے کرونا کے علاوہ کسی اور ایجنڈے پر بات کریں گے تو میں یہ ختم کردیتاہوں ۔

لوگ گھروں میں بیٹھ کر ہمیں دیکھ رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں میڈیا کی آزادی پریقین رکھتاہوں ۔ اس پر الگ میٹنگ کروں گا۔ رپورٹنگ میں سچائی ہو نی چاہئے۔