سنگاپور میں قریب کھڑے ہونے پر ہزاروں ڈالر کا جرمانہ

March 29, 2020

سنگاپور میں کورونا وائرس کے پیش نظر شہریوں کے ایک میٹر سے کم فاصلے پر ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہونے پر 6 ماہ قید کی سزا اور 10 ہزار سنگاپوری ڈالر جرمانہ ہوگا۔

سنگاپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نئے اور سخت قوانین عائد کیے گئے ہیں جس کے تحت شہریوں کے جان بوجھ کر ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہونے پر 6 ماہ قید کی سزا اور 7 ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

کورونا وائرس میں مبتلا کسی شخص کے کھانسنے یا چھینکنے سے اس کے جراثیم دوسرے انسان میں منتقل ہونے کے قوی امکانات ہوتے ہیں اس لیے میل جول یا گفت و شنید کے دوران مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

اس عمل سے کورونا وائرس کی منتقلی کے امکانات معدوم ہوجاتے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے 199ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس میں 27 ہزار 367 اموات اور 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار 3 سو 63 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔