بھارتی پولیس نے شہریوں کی چڑ چڑاہٹ کا علاج ڈھونڈ لیا

April 04, 2020

بھارت کی ریاست گجرات میں پولیس نے لاک ڈاؤن سے تنگ آئے شہریوں کے لیے موسیقی کی لائیو پرفارمنس کا انعقاد کیا جس میں ایک مقامی گلوکار نے پرفارم کیا۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی وسترا پور پولیس نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہریوں کی چِڑچِڑاہٹاور بوریت کو دور کرنے کے لیے ایک انوکھا اقدام اُٹھایا جو علاقہ مکینوں کے چہروں پر مُسکراہٹ لے آیا۔

وسترا پولیس نے احمد آباد کی ایک سوسائٹی میں موسیقی کے ایک لائیو کانسرٹ کا انعقاد کیا جس میں اُنہوں نے مقامی گلوکار کو پرفارمنس کرنے کے لیے دعوت دی اور ساتھ ہی ایک ڈی جے گاڑی کا بھی انتظام کیا جس میں کھڑے ہوکر گلوکار نے اپنی پرفارمنس دی، اُس گاڑی میں موسیقی کے آلات وغیرہ بھی موجود تھے۔

جب مقامی گلوکار نے اپنی پرفارمنس شروع کی تو سوسائٹی کے مکین اپنی بالکونیوں میں آگئے اور گلوکار کی سُریلی آواز سے لطف اندوز ہونے لگے۔

احمد آباد کی سوسائٹی میں لائیور پرفارم کرنے والے مقامی گلوکار نے بھارت کے لیجنڈری گلوکار کشور کمار اور محمد رفیع کے گیت گاکر لاک ڈاؤن کے ستائے بھارتی شہریوں کو خوش کردیا۔

اِس لائیو پرفارمنس کی ویڈیو بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کی۔

بھارتی نیوز ایجنسی نے اِس ویڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وسترا پولیس کی جانب سے کیے گئے اِس اقدام کے تحت ایک مقامی گلوکار نے احمدآباد کی ایک سوسائٹی میں لائیو موسیقی کی پرفارمنس دی۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھارت میں 21 روز کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔