گورنر سندھ ’ کے الیکٹرک ‘ کی ایوریج بلنگ پر سخت برہم

April 09, 2020

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک کی جانب سے ایوریج بلنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوریج بلنگ کراچی کے شہریوں کے ساتھ سخت نا انصافی کے مترادف ہے۔ سی ای او کےالیکٹرک نے انہیں یقین دلایا کہ مارچ کے ایوریج بل کی عدم ادائیگی پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس کراچی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کےالیکٹرک مونس عبداللہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اوسط بلوں کے باعث غریب اور سفید پوش طبقہ کی مشکلات، بلوں کی ادائیگی میں سہولت، بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کےالیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس عبداللہ نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ کےالیکٹرک ایوریج بلنگ نہیں کرے گی۔ اپریل کے مہینے میں میٹر ریڈنگ کی جائے گی جس کی بنیاد پر صارفین اپنا بل ادا کریں گے۔

مونس عبداللہ نے مزید کہا کہ اس دوران جن صارفین کو اوسط بل ملے ہیں، ان کی مرضی ہے کہ وہ بل ادا کریں یا نہ کریں۔ جو صارفین اوسط بل ادا نہیں کریں گے ان کے خلاف کےالیکٹرک کوئی کارروائی یا جرمانہ نہیں کرے گی۔