کابینہ کا لاک ڈاؤن نرم کرنے کا مشورہ

May 05, 2020

کابینہ کا لاک ڈاؤن نرم کرنے کا مشورہ

وفاقی کابینہ نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کو نرم کرنے کا مشورہ دےدیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزراء نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ صنعتیں اور کاروبار کھولنے والوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نےکہا کہ لاک ڈاؤن سے متعلق وزرائے اعلیٰ کی سفارش کل سامنے آجائیں گی، عوام نے احتیاط کا دامن ہاتھ سے چھوڑا تو کورونا وائرس سے بہت نقصان ہوگا۔

شبلی فراز نے خدشہ ظاہر کیا کہ پیپلز پارٹی اپنی بری کارکردگی کی وجہ سے سندھ تک محدود ہوگئی، اب ڈر ہے کہ پی پی صرف لاڑکانہ تک محدود نہ ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے لوٹا گیا پیسا اب ملک میں واپس لانا ہوگا۔

شبلی فراز نے بتایا کہ وفاقی وزراء اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں دیں گے۔

دوسری طرف پنجاب حکومت نے بھی کم کورونا کیسز والے شہروں میں کاروبار کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں سے حتمی پلان طلب کیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت نے 19 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کردیا ہے جبکہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق حتمی فیصلہ کل این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔