‏کوچز نے بھی کھلاڑیوں کیساتھ کیش پرائز کا مطالبہ کر دیا

May 21, 2020

کوچز نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کھلاڑیوں کے ساتھ ہمیں بھی کیش پرائز دے۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کوچز کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو میڈلز دلانے میں کوچز کا اہم کردار ہوتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں کے ساتھ ہی ہمیں بھی کیش پرائز دیا جانا چاہیے۔

کوچز کو حقوق دلانے کے لیے ’رائٹس آف پاکستان اسپورٹس کوچز‘ فورم کا قیام کردیا گیا ہے۔

کوچز کا کہنا ہے کہ لاکھوں نہ سہی کم از کم 50 ہزار روپے ہی میڈلسٹ کھلاڑیوں کے کوچز کو دیں۔

ملک افتخار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو بنانے میں کوچز دن رات ایک کر دیتے ہیں۔

دوسری جانب ٹینس کوچ محبوب خان نے کہا کہ زیادہ تر کوچز کے پاس روزگار بھی نہیں ہے، ان کی پذیرائی ضرور ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسپورٹس پالیسی میں کوچز کو بھی انعام دینے کی شق شامل کرنی چاہیے۔

2007 کی پالیسی کےمطابق صرف میڈلسٹ کھلاڑیوں کو کیش انعام دیا جاتا ہے۔ ساؤتھ ایشین گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو ان دنوں کیش انعامات دیے جارہےہیں۔